خیبر پختونخوا میں سی ٹی ڈی ملاکنڈ ریجن نے اہم کارروائی کرتے ہوئے بڑی مقدار میں بارودی مواد برآمد کرکے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا۔
پولیس نے ملاکنڈ ڈویژن میں تخریب کاری کی بڑی کارروائی کیلیے بارودی مواد لانے والے مبینہ دہشت گردوں کو گرفتارکرلیا۔ محکمہ انسداد دہشت گردی ملاکنڈ ریجن کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی کہ دو گاڑیوں کے ذریعے بھاری مقدار میں بارودی مواد تخریب کاری کے لیے منڈہ دیر لوئر سے ضلع باجوڑ منتقل کیا جا رہا ہے۔
سی ٹی ڈی ملاکنڈ ریجن اور دیگر فورسز نے دیر لوئر میں تھانہ منڈہ کی حدود میں علاقہ میاں کلے چیک پوسٹ پر ناکہ بندی کرکے منڈہ سے آنے والی ڈاٹسن گاڑی اور فیلڈر موٹر کارکو روکا تو اس میں سے 350 کلوگرام وزنی ڈائنامائیٹ بارود کے 14 کارٹن اور پلاسٹک بوری میں بند 25 کلو وزنی بارود برآمد ہوا، جو گھاس پھوس میں چھپایا گیا تھا۔
پولیس نے ڈاٹسن میں سوار 2 افراد شیر نواب اور تاجبرکوگرفتارکرلیا۔ اسی طرح فیلڈرکار میں سے بھی 2250 میٹر لمبی پرائما تارکے 9 بنڈل، ایک بنڈل سیفٹی فیوز، 100 ڈیٹونیٹر برآمد ہوئے۔ پولیس نے اس کار میں موجود 2 افراد بختیار اور شیر محمد کو حراست میں لے لیا۔ چاروں ملزمان کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام منتقل کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے اور ان سے مزید اہم انکشافات کی توقع ہے۔