بھارتی کرکٹ ٹیم نے میلبورن ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر چار میچوں کی سیریز 1-1 سے برابرکردی ۔
تفصیلات کے مطابق میلبورن کرکٹ گراﺅنڈ میں کھیلے گئے میچ میں بھارتی ٹیم نے آسٹریلیا کی جانب سے ملنے والا 69 رنز کا ہدف 16 ویں اوور میں محض 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ بھارت کی جانب سے شوبمان گل نے 35 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ کپتان اجنکیا ریحانے 27 رنز بنا کرناٹ آﺅٹ رہے۔
آسٹریلیا کی جانب سے فاسٹ باﺅلر مچل سٹارک اور فاسٹ باﺅلر پیٹ کومنز نے ایک، ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ جوش ہیزل ووڈ، نتھن لیون اور مارنوش لابوشین کوئی بھی وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہو سکے۔
قبل ازیں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو پوری ٹیم پہلی اننگز میں 195 رنز بنا کر ہی ڈھیر ہو گئی۔ مارنوس لابوشین سب سے زیادہ 48 رنز بنا سکے جبکہ ٹریویس ہیڈ نے 38 رنز بنائے۔
بھارت کی جانب سے جسپریت بمرا نے تباہ کن باﺅلنگ کرتے ہوئے 16 اوورز میں 56 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ روی چندرن ایشوین نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
آسٹریلیا کی پہلی اننگز کے جواب میں بھارتی ٹیم کپتان اجنکیا ریحانے کی سنچری کی بدولت 326 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی اور یوں آسٹریلیا کو131 رنز کے خسارے کا سامنا کرنا پڑا جس کے جواب میں آسٹریلین ٹیم دوسری اننگز میں بھی صرف 200 رنز بنا سکی اور یوں بھارت کو جیت کیلیے 69 رنز کا ہدف ملا جو اس نے باآسانی 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے میچ جیت لیا۔