پاکستان کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں شکست دے کر سیریزکلین سویپ کرنے والی کیویز ٹیم ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے فائنل کیلیے مضبوط امیدواربن گئی۔
سیریزکے دوسرے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 176 رنز اور ایک اننگ سے شکست دی۔ پاکستان ٹیم نے پہلی اننگز میں 297 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں نیوزی لینڈ نے چھ وکٹوں کے نقصان پر 659 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کردی تھی۔ اپنی دوسری اننگز میں پاکستان کی کرکٹ ٹیم صرف 186 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے مطابق پاکستان کو شکست دینے کے بعد نیوزی لینڈ کی ٹیم ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے فائنل کی دوڑ میں شامل ہوگئی ہے۔ انہوں نے سیریز میں کامیابی کے ساتھ اپنی پوزیشن مضبوط کرنے کیلیے اہم پوائنٹس حاصل کرلیے ہیں۔
آج (6 جنوری) تک کی ریٹنگ کے مطابق ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے ٹیبل میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 420 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پرآگئی۔ پوائنٹس میں کیوی ٹیم سب سے آگے ہے تاہم اس کے فائنل میں پہنچنے کے 70 فیصد چانسز ہیں۔
ٹیسٹ چیمپیئن شپ فائنل تک پہنچنے کے امکان میں آسٹریلین ٹیم پہلے نمبر پر ہے اوراس کے فائنل میں جانے کے 76.7 فیصد چانسز ہیں۔ انڈین ٹیم 72.2 فیصد امکان کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ گرین شرٹس کے ٹیسٹ چیمپیئن شپ فائنل میں جانے کے 30.7 فیصد امکانات ہیں اور یہ اس دوڑ میں چھٹے نمبر پر ہے۔
New Zealand are in the race for the #WTC21 final 👀
They have gained crucial points to strengthen their position in the ICC World Test Championship standings 💪 pic.twitter.com/MXg76iJ5Qq
— ICC (@ICC) January 6, 2021
گرین شرٹس کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں ذلت آمیز شکست سے دوچارکرکے سیریز کلین سویپ کرنے والی کیویز ٹیم ٹیسٹ رینکنگ میں پہلے نمبر پر پہنچ گئی۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری رینکنگ کے مطابق پاکستان کو لگاتار دو ٹیسٹ میچز ہرانے کے بعد نیوزی لینڈ کی ٹیسٹ رینکنگ میں بہتری آئی ہے اور یہ آسٹریلیا کو پیچھے دھکیلتے ہوئے پہلے نمبر پر آگئی ہے۔ نیوزی لینڈ کے ریٹنگ پوائنٹس کی تعداد 118 ہوگئی ہے جبکہ دوسرے نمبر پر جانے والی آسٹریلیا کے ریٹنگ پوائنٹس 116 ہیں۔
سیریز میں کلین سویپ ہونے کے باوجود پاکستان ٹیم کی رینکنگ میں کوئی فرق نہیں آیا اور یہ 82 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ بدستور ساتویں نمبرپرموجود ہے۔