آئی ایس پی آرکی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیاہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا بحرین کا سرکاری دورہ مکمل ہو گیاہے جس دوران انہوں نے اہم ملاقاتیں کی ہیں ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف نے بحرین کے سرکاری دورے پر بحرینی فورس کے کمانڈر فیلڈ مارشل شیخ خلیفہ، نیشنل گارڈ کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل شیخ محمد عیسیٰ سے ملاقات کی ہے ، جس دوران باہمی دلچسپی کے امورپرتبادلہ خیال کیا گیا ۔ ملاقات میں دفاعی تعاون اور مشرق وسطیٰ کی سیکیورٹی صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی ۔
ان ملاقاتوں کے علاوہ آرمی چیف نے بحرین کے ولی عہد شہزادہ سلمان بن حماد عیسیٰ سے بھی ملاقات کی جس میں نہایت اہم امور پر بات چیت کی گئی ہے ۔بحرینی قیادت نے پاکستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات میں مزید وسعت کی خواہش کابھی اظہارکیا ۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک بحرین مشترکہ فوجی مشق ” البدر 5“ کی اختتامی تقریب میں بھی شرکت کی ، انہوں نے تربیت سے حاصل بہترین نتائج کو سراہا ، آرمی چیف نے کہا کہ یہ مشق دہشتگردی کے خلاف دونوں ممالک کی مشترکہ کوششوں کی نشاندہی کرتی ہے ۔