ایران کے رہبر اعلیٰ آیت اللہ خامنہ ای نے امریکا، برطانیہ اور فرانس سے کورونا ویکسین لینے پر پابندی لگا دی اور کہا یہ ممالک قابل بھروسہ نہیں، کسی اور قابل بھروسہ ملک سے کورونا ویکسین لے سکتے ہیں۔
ایرانی سپریم لیڈر نے ایران پر سے امریکی پابندیاں فوری ختم کرنے کا بھی مطالبہ کر دیا۔
آیت اللہ خامنہ ای کا کہنا تھا کہ ملک میں امریکا اور برطانیہ میں تیار کردہ کورونا ویکسین منگوانے پر پابندی لگا دی ہے، یہ ممالک قابل بھروسہ نہیں، دوسری اقوام کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران دوسرے قابل بھروسہ ممالک سے کورونا ویکسین لے سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالمی جوہری معاہدے میں امریکا کی واپسی کی جلدی نہیں لیکن ایران پرسے پابندیاں فوری ہٹنی چاہئیں۔
خامنہ ای نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں امریکا کے برخلاف ایران کا کردار تعمیری ہے اور یہ کردار جاری رہے گا، ایران میں گذشتہ ماہ مقامی طور پر تیار کردہ کورونا ویکسین کی انسانی آزمائش شروع کر دی گئی ہے، ایران میں کورونا متاثرین کی تعداد بارہ لاکھ چوہتر ہزار سے زیادہ اور اموات چھپن ہزار سے زائد ہیں۔