پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق فاسٹ باﺅلر شعیب اخترنے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے مصباح الحق کو ہیڈ کوچ کے عہدے سے ہٹانے کا حتمی فیصلہ کرلیا اوران کی جگہ زمبابوے کے سابق بلے باز اینڈی فلاور کو یہ ذمے داری سونپی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق شعیب اختر نے کہا کہ مصباح الحق پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے فوری بعد عہدے سے ہٹا دیے جائیں گے اوراینڈی فلاوران کی جگہ لے لیں گے۔ شعیب اخترنے پی سی بی کی کرکٹ کمیٹی کو ’بکواس‘ قراردیتے ہوئے کہا کہ یہ کمیٹی پی سی بی نے الزامات سے بچنے کیلیے بنائی ہے۔
ان کا کہنا تھا ”کرکٹ کمیٹی کچھ بھی نہیں ہے اور یہ صرف پی سی بی کے احکامات پر چلتی ہے اور بورڈ تنقید سے بچنے کیلیے تمام تر ذمہ داری کمیٹی پر ڈال دیتا ہے۔ یہ بالکل بکواس ہے کہ بورڈ اپنے تمام تر فیصلے کمیٹی کی سفارشات پر کرتا ہے۔ “