انٹر نیشنل باکسر محمد وسیم نے اعلان کیا ہے کہ ان کی اگلی فائٹ بلوچستان میں ہو گی
انٹر نیشنل باکسر محمد وسیم نے اعلان کیا ہے کہ ان کی اگلی فائٹ بلوچستان میں ہو گی

‏ باکسر محمد وسیم کا بلوچستان میں انٹرنیشنل باکسنگ ایونٹ کرانے کا اعلان

انٹر نیشنل باکسر محمد وسیم نے اعلان کیا ہے کہ ان کی اگلی فائٹ بلوچستان میں ہو گی۔
محمد وسیم کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں لاہور کی طرز پر انٹرنیشنل باکسنگ کا ایونٹ کامیاب ہوگا اور اس سے بلوچستان کا ایک مثبت امیج دنیا میں جائے گا اور اس کے لیے ابھی سے تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے۔
لاہور میں گفتگو کرتے ہوئے باکسر محمد وسیم نے کہا کہ رواں برس ٹائٹل فائٹ بلوچستان میں کراؤں گا اس سلسلے میں بلوچستان حکومت سے بات چیت جا ری ہے۔
انٹرنیشنل ایونٹ میں امریکا اور برطانیہ سمیت دیگر ممالک کے باکسرز آئیں گے ۔ جبکہ میں امریکی باکسر کے خلاف فائٹ کروں گا اور اس سلسلے میں میری منیجمنٹ کمپنی نے امریکی حریف باکسر سے بات چیت شروع کر دی ہے۔
‏ محمد وسیم نے کہا کہ بلوچستان میں ایونٹس بہت کم ہوتے ہیں وہاں فٹ بال اور باکسنگ کا بہت شوق پایا جاتا ہے جب باکسنگ کا انٹر نیشنل ایونٹ ہوگا تو اس سے کھیل کو فروغ ملے گا اور بلوچستان میں ایونٹ کرانے سے صوبے کا مثبت امیج دنیا میں جائے گا۔
‏ محمد وسیم نے کہا کہ ان دنوں میں آرام کر رہا ہوں، یکم مارچ سے ٹریننگ کروں گا، میں ایک بار پھر اسکاٹ لینڈ جاؤں گا اور گلاسگو میں چار سے پانچ ماہ ٹریننگ کروں گا۔
محمد وسیم کو یقین ہے کہ جس طرح لاہور میں باکسنگ ایونٹ کامیاب ہوا تھا اسی طرح بلوچستان میں بھی ایونٹ کامیاب ہوگا۔
‏ باکسر محمد وسیم نے کہا کہ خواہش ہے لاہور میں غیر آباد باکسنگ کمپلیکس میں سرگرمیاں شروع ہوں، مجھے بتایا گیا ہے کہ باکسنگ کمپلیکس کو عالمی معیارکا بنایا جا سکتا ہے، میری وزیر اعظم عمران خان سے اپیل ہے کہ وہ اس طرف توجہ دیں، باکسنگ کمپلیکس کی ذمہ داری ہمیں دے دیں، ہم یہاں اکیڈمی قائم کرکے باکسنگ کو فروغ دیں گے۔