حکومت نے پی ڈی ایم کو ریڈ زون میں احتجاج کی اجازت دے دی ہے لیکن اس کے ساتھ یہ تنبیہ بھی کی ہے کہ اگر قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش کی گئی تو سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ احتجاج کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے کے تدارک کے لیے سیکیورٹی انتہائی ہائی الرٹ ہے، الیکشن کمیشن کے دروزاے کے سامنے بلاک کے ساتھ خار دار تاریں لگادی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ سیف سٹی کیمروں اور ڈرونز کی مدد سے بھی تمام صورتحال پر نظر رکھی جائے گی۔
پی ڈی ایم کے احتجاج کے پیش نظر وزارت داخلہ میں کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے۔ وزیر داخلہ شیخ رشید نے صورتحال خود مانیٹر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
ادھر وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے تنبیہ کی ہے کہ شوق سے آئیں لیکن بچے ساتھ نہ لائیں، مدرسے کے طلبہ احتجاج میں نظر آئے تو کارروائی ہوگی، احتجاج کے لیے فری ہینڈ دیں گے، کوئی رکاوٹ نظر نہیں آئے گی لیکن حفاظتی انتظامات پورے کریں گے۔