کراچی پولیس عوام کے تحفظ، شہر میں امن و امان کے قیام اور قانون کی بالادستی کی علمبردار ہے۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی نے روٹری کلب کے صدر قاضی اسد عابد کی دعوت پر کلب کے دیگر ممبران سے نجی ہوٹل میں ملاقات کی۔ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے روٹری کلب کے ممبران و دیگر شرکاء سے شہر قائد میں امن و امان کے حوالے سے بات کی۔
اس حوالے سے ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن کا کہنا تھا کہ کراچی پولیس محدود وسائل میں رہتے ہوئے قانون کی بالادستی اور امن و امان کے قیام کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔پولیس اور کمیونٹی کے درمیان باہمی تعاون کا فروغ شہر میں جرائم پر قابو پانے کیلئے کارگر ثابت ہو گا۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن کا کہنا تھا کہ پولیس اور عوام مل کر دہشتگردی کے خاتمے اور جرائم کے سدباب کیلئے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔کراچی پولیس اپنی استعداد اور صلاحیتوں میں میسر وسائل میں رہتے ہوئے اضافہ کر رہی ہے، 15 مددگار اور کرائم سین یونٹ کا قیام اس ضمن میں کئے جانے والے چند اہم اقدامات ہیں۔
اس حوالے سے ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن کا کہنا تھا کہ گذشتہ سال عوام کی اطلاعات پر فوری کارروائی کرتے ہوئے 15 مددگار نے مجموعی طور پر 764 ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا اور شہریوں کو فوری ریسپانس کا عملی مظاہرہ پیش کیا۔عوام کسی بھی ایمرجنسی یا جرم کا واقعہ دیکھیں تو بلاخوف فوری مددگار 15 کو اطلاع دیں اور پاکستان کے ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔
تھانہ کلچر میں تبدیلی کیلئے سنجیدہ اقدامات کئے جا رہے ہیں، اس ضمن میں صوبائی حکومت کیجانب سے تھانوں کی سطح پر بجٹ کی منظوری عملی قدم ہے جس کے مثبت نتائج آ رہے ہیں۔
منشیات سے پاک معاشرے کی تشکیل میں پولیس اور کمیونٹی کا اہم کردار ہے، پکڑے گئے منشیات فروشوں کو عدالتوں سے سزا دلوانے کیلئے پرائیویٹ گواہوں کی موجودگی قانونی طور پر انتہائی اہمیت کی حامل ہے لہذا عوام کو پولیس کی مدد کیلئے آگے آنا ہوگا تاکہ انصاف کی فراہمی کا راستہ ہموار ہو سکے۔
ماڈل کورٹس کا قیام بھی انصاف کی جلد فراہمی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔اس حوالے سے روٹری کلب کے صدرکا کہنا تھا کہ کراچی میں بھتہ خوری، ڈکیتی اور لوٹ مار کی وارداتوں میں واضع کمی آئی ہے جسکی وجہ سے تاجروں کیجانب سے کاروبار بنگلہ دیش سمیت دیگر ممالک میں منتقلی کا سلسلہ تھم گیا ہے جو بلاشبہ کراچی پولیس کی اہم کامیابی ہے۔
روٹری کلب کیجانب سے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی اور شکریہ ادا کیا گیا اور کراچی پولیس سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا گیا۔