بھارت میں لکھنؤ سے ممبئی جانے والی گو ایئر کی پرواز میں سات سالہ بچی دل کا دورہ پڑنے کے باعث طیارے میں ہلاک ہوگئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق لکھنؤ سے ممبئی جانے والی ایک پرواز کو مسافر کی حالت غیر ہونے پر ناگپور کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی، بچی کا پہلے ایئرپورٹ پر موجود طبی عملے نے معائنہ کیا اور پھر گورنمنٹ میڈیکل کالج اینڈ اسپتال منتقل کیا۔
اسپتال میں ڈاکٹرز نے سات سالہ ایوشی پنواسی پرجاپتی کو مردہ قرار دیتے ہوئے بتایا کہ مسافر کی موت چند گھنٹوں قبل ہی ہوگئی تھی اوراس کی ممکنہ وجہ بلندی کے خوف کی وجہ سے دل کا دورہ پڑتا ہو سکتا ہے۔
دوسری جانب بچی کے والد نے میڈیا کو بتایا کہ سفر سے قبل بیٹی کی حالت بالکل نارمل تھی لیکن دوران پرواز طیارے میں اچانک طبیعت خراب ہونے لگی تھی۔ والد نے اپنی بچی کی موت کے تعین کے لیے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
ادھرگو ایئر انتظامیہ نے کہا ہے کہ بچی کی ہلاکت کی وجہ طبی ہے، طیارے کے عملے نے بروقت فیصلے لیے، ہنگامی لینڈٖنگ کی اور ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی پوری کوشش کی۔