امریکی صدر جوبائیڈن نے عہدہ سنبھالتے ہی ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مسلم اکثریت رکھنے والے چند ممالک پرلگائی گئی سفری پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق جوبائیڈن نے امریکا کے 46ویں صدر کی حیثیت سے عہدے کا حلف لیتے ہی مسلمانوں پرعائد پابندی ختم کرنے سمیت 15 صدارتی حکم ناموں پر دستخط کردیے، ان میں اکثر حکم نامے ڈونلڈ ٹرمپ کی پناہ گزین مخالف پالیسی سمیت دیگر متنازع پالیسیوں کو ختم کرنے کےلیے جاری کیے گے ہیں۔
جوبائیڈن کی جانب سے جن صدارتی حکم ناموں پر دستخط کیے گئے ہیں ان میں مسلمانوں پر سفری پابندیوں کا خاتمہ، پیرس ماحولیاتی معاہدہ میں شمولیت اورکورونا بحران سے نمٹنے کے لیے ہنگامی اقدامات کے حکم نامے سرفہرست ہیں۔
امریکی صدر نے نے اپنے ابتدائی حکم نامے میں عالمی ادارہ صحت میں واپس جانے کا اعلان بھی کیا ہے، جس سے ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ کہہ کر علیحدگی اختیارکردی تھی کہ یہ ادارہ کورونا وائرس کے دوران چین سے سخت باز پرس نہیں کررہا۔
امریکی صدرکی جانب سے دیگر صدارتی حکم ناموں میں، وفاقی املاک پر ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا، کورونا وائرس سے نمٹنے کیلیے وائٹ ہاؤس میں نئے دفترکا قیام شامل ہے۔
واضح رہے کہ ہرآنے والا امریکی صدر ابتدائی دنوں میں پچھلے صدر کی جانب سے عائدہ کردہ پالیسیز کو روکنے کے لیے بہت سارے حکم نامے جاری کرتا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی یہی کیا تھا لیکن ان کے متعدد حکم ناموں کو عدالت میں چیلنج کر دیا گیا تھا۔