ملک میں ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.32 فیصد اضافہ ہوا ہے، اس حوالے سے ادارہ شماریات نے مہنگائی پر ہفتہ وار اعداد و شمار جاری کردیے۔
ادارہ شماریات کے مطابق مہنگائی میں اضافہ کھانے پینے کی اشیا اور پٹرول و ڈیزل کی قیمت بڑھنے سے ہوا، ایک ہفتے کے دوران 19 اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔
گھی، کوکنگ آئل، پیاز، دالوں، بیف اور مٹن سمیت 19 اشیاء کی قیمتیں بڑھیں، گھی کی فی کلو قیمت میں 6 روپے 34 پیسے، چکن کی فی کلو قیمت میں 8 روپے 44 پیسے اضافہ ہوا، چکن کی فی کلو اوسط قیمت 180 روپے 52 پیسے ہو گئی۔
ادارہ شماریات کے مطابق دال مونگ فی کلو 4 روپے اضافے کے ساتھ 233 روپے 54 پیسے، دال چنا فی کلوقیمت 1 روپے 28 پیسے اضافے کے ساتھ 141روپے 55 پیسے ہو گئی، دال مسور، دال ماش کی قیمت میں بھی ایک ہفتے کے دوران اضافہ ہوا۔
اعداد و شمار کے مطابق گڑ، سرسوں کے تیل، ماچس، واشنگ سوپ کی قیمت بھی بڑھی ہے۔
ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 8 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی، ٹماٹرکی اوسط قیمت میں 11 روپے 13 پیسے فی کلو کمی آئی، ملک میں ٹماٹر کی فی کلو اوسط قیمت 64 روپے ہو گئی ہے۔
انڈے کی فی درجن قیمت میں اوسط 13 روپے کمی ریکارڈ کی گئی، ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 20 روپے 24 پیسے کمی آئی، چینی کی فی کلو اوسط قیمت میں ایک روپیہ 24 پیسے کمی کے بعد ملک میں چینی کی فی کلو اوسط قیمت 91 روپے 71 پیسے ہو گئی۔
ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 20 کلو کا آٹے کا تھیلا 2 روپے سستا ہوا، 20 کلو آٹے کے تھیلے کی اوسط قیمت 947 روپے 17 پیسے ہو گئی۔ ایک ہفتے کے دوران آلو، لہسن کی قیمت میں کمی آئی۔
ایک ہفتے کے دوران چاول، تازہ دودھ اور چائے سمیت 24 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔