اسلام آباد: وفاقی وزارت تعلیم نے مشاورتی کو نسل برائے نصاب تشکیل دے دی ہے۔
مشاورتی کونسل نصاب کی از سر نو تشکیل کے لیے عالمی معیارکو سامنے رکھ کر تجا ویز دے گی۔
اس ضمن میں باقاعدہ نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ نوٹی فکیشن وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کے اسسٹنٹ ایجوکیشن ایڈوائزرکی طرف سے جاری کیا گیا ہے۔
نوٹی فکیشن کے تحت مشاورتی کونسل برائے نصاب میں پروفیسر ڈاکٹر سید خورشید حسنین اورڈاکٹر عرفا ن اللہ شامل ہیں۔
نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ مشاورتی کونسل تعلیمی نصاب کی از سر نو تشکیل کے عمل میں رہنمائی فراہم کرے گی۔
جاری کردہ نوٹی فکیشن کے تحت طلبہ کی عمر،بین الاقوامی معیار اور مقامی حالات کا جائزہ لیا جائے گا۔ مشاورتی کونسل کی ذمہ داری نصاب کا جائزہ لے کر سفارشات دینا ہیں۔
مشاورتی کونسل انٹرمیڈیٹ تک ٹیکنیکل ایجوکیشن کو نصاب میں شامل کرنے سے متعلق تجاویز بھی دے گی۔
جاری کردہ نوٹی فکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ مشاورتی کونسل نصاب میں نئے اسباق کو شامل کرنے یا پرانے اسباق نکالنے کے لیے تجاویز دے گی۔