پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے لوٹ مار اور دنگے فساد کے الزام میں 240 سے زائد افراد کو گرفتار کرلیا
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے لوٹ مار اور دنگے فساد کے الزام میں 240 سے زائد افراد کو گرفتار کرلیا

نیدرلینڈز میں کورونا پابندیوں کیخلاف پر تشدد مظاہرے، درجنوں افراد گرفتار

نیدرلینڈز میں کورونا لاک ڈاؤن کے خلاف عوام کا احتجاج پُر تشدد ہوگیا ۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے نافذ کی گئی نئی پابندیوں اور لاک ڈاؤن کے فیصلے کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں عوام سڑکوں پر نکل آئے۔
احتجاج کے دوران مشتعل مظاہرین کی پولیس سے جھڑپیں بھی ہوئیں، مظاہرین نے پولیس اہلکاروں پر پتھراؤ کیا اور پیٹرول بم بھی پھینکے، اس کے علاوہ مختلف علاقوں میں لوٹ مار بھی دیکھنے میں آئی۔
دی ہیگ شہر میں مظاہرین نے گاڑیوں کو بھی آگ لگائی اور ایک شہر میں مشتعل مظاہرین نے ایک اسپتال پر بھی پتھراؤ کیا۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے لوٹ مار اور دنگے فساد کے الزام میں 240 سے زائد افراد کو گرفتار کرلیا۔
خیال رہے کہ نیدرلینڈز میں 24 گھنٹے کے دوران 4 ہزار سے زائد نئے کورونا کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ 39 افراد ہلاک ہوئے ہیں جس کے بعد وہاں کورونا سے ہلاک افراد کی تعداد ساڑھے 13 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔

حکومت نے گذشتہ روز ملک میں لاک ڈاؤن کا اعلان کیا تھا جس کااطلاق 10 فروری تک جاری رہے گا۔