پاکستان اور جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ جاری ہے،ٹاس جیت کرپروٹیز بیٹنگ کر رہے ہیں،کھانے کے وقفے کے بعد 7 وکٹوں کے نقصان پر190رنز بنا لیے۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جا رہے میچ میں جنوبی افریقہ نےٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو ڈین ایلگراورایڈن مارکرم میدان میں آئے جنہوں نے 30 رنزکا آغاز فراہم کیا تاہم اس موقع پرقومی ٹیم کے نوجوان فاسٹ باﺅلر شاہین شاہ آفریدی نے پہلی کامیابی دلاتے ہوئے ایڈن مارکرم کو پویلین کی راہ دکھا دی، وہ 16 گیندوں پر13 رنز بنا کرعمران بٹ کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔
جنوبی افریقہ کی دوسری وکٹ63رنز پرگری،راسی وین ڈر17رنز بنا کربابر اعظم کی خوبصورت تھرو پر رن آئوٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے نعمان علی نے عمدہ باﺅلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کپتان کوینٹن ڈی کوک اور اوپننگ بلے باز ڈین ایلگر کی اہم وکٹیں حاصل کرکے اس میچ کو اپنے لیے یادگار بنا لیا ۔
نعمان علی نے 133 کے مجموعی اسکور پر کوینٹن ڈی کوک کو پویلین کی راہ دکھائی اور وہ 23 گیندوں پرایک چوکے کی مدد سے 15 رنز بنا کر عمران بٹ کے ہاتھوں کیچ ہو گئے جبکہ مجموعی اسکور میں محض تین رنز کے اضافے کے بعد ہی ڈین ایلگر بھی ان کی گیند پر بابراعظم کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ ڈین ایلگر مذکورہ ٹیسٹ میچ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز ہیں جنہوں نے 106 گیندیں کھیل کر نو چوکوں کی مدد سے 58 رنز کی اننگز کھیلی۔
دو وکٹیں یاسر شاہ نے لیں، فاف ڈو پلیسی 23رنز بنا کررضوان کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے،چھٹی وکٹ 179رنزپرٹیمبا باووما کی گری جو حسن علی کی عمدہ تھرو پر رن آئوٹ ہو گئے۔مہاراج بغیر کوئی رن بنائے یاسر شاہ کا شکابنے۔
واضح رہے کہ میچ کیلیے پاکستانی ٹیم کی قیادت بابراعظم کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں عابد علی، عمران بٹ، اظہر علی، فواد عالم، محمد رضوان، فہیم اشرف، یاسر شاہ، حسن علی، نعمان علی اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔
جنوبی افریقہ کی قیادت کوینٹن دی کوک کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ڈین ایلگر، ایڈن مارکرم، فاف ڈوپلیسی، ریسی وینڈرڈوسن، ٹیمبا باووما، جارج لینڈے، کیشو مہاراج، کاگیسو ربادا، لونگی نگیڈی اور اینرچ نورجے شامل ہیں۔