لاہور ہائی کورٹ نےکھوکھر پیلس گرانےکے لیے ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) لاہور کے حکم پر عمل درآمد معطل کردیا۔
لاہور ہائی کورٹ میں کھوکھر پیلس گرانے پر توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔
چیف جسٹس لاہورہائی کورٹ قاسم خان نے مسلم لیگ ن کے سابق ممبر صوبائی اسمبلی سیف الملوک کھوکھر کی درخواست پر سماعت کی۔
وکیل درخواست گزار کا کہنا تھا کہ درخواست گزار کو سیاسی انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا جارہا ہے،لاہور ہائی کورٹ کے حکم امتناع کے باوجود کھوکھر پیلس گرادیا گیا۔
عدالت نے کھوکھر پیلس گرانے کے ڈی سی لاہورکے حکم پرعمل درآمد معطل کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو فوری طور پر کھوکھر پیلس خالی کرنے کا حکم دے دیا۔
لاہور ہائی کورٹ نے معاملےکے حل کے لیے فریقین کو سول عدالت سے رجوع کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
خیال رہےکہ دو روز قبل ن لیگی رہنماؤں کی رہائش گاہ کھوکھر پیلس کے اردگرد متعدد تعمیرات گرا کر 38کنال زمین واگزار کرائی گئی تھی۔