پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز جنوبی افریقہ کی پہلی اننگز کے 220 رنزکے جواب میں پاکستان کی بیٹنگ جاری ہے،کھانے کے وقفے تک چار وکٹوں کے نقصان پر104 رنزبنا لیے اوراسے مزید 116 رنزکا خسارہ باقی ہے اس وقت اظہرعلی38رنز اور فواد عالم39رنزبنا کر ناٹ اائوٹ ہیں۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جا رہے میچ میں پہلے روز کھیل کے اختتام پر پاکستان نے جنوبی افریقہ کے 220 رنز کے جواب میں 4 وکٹوں کے نقصان پر33 رنز بنائے۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان کی جانب سے عابد علی اورڈیبیو میچ کھیلنے والے عمران بٹ نے اننگز کا آغاز کیا تو صرف پانچ کے مجموعی اسکور پرعابد علی چار رنز بنا کر کاگیسو ربادا کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔
مجموعی اسکور میں 10 رنز کے اضافے کے بعد ہی عمران بٹ کاگیسو ربادا ہی کی گیند پر کیغان پیٹرسن کے ہاتھوں کیچ ہو گئے، انہوں نے 25 گیندوں پر نو رنز بنائے۔ کپتان بابراعظم آئے تو وکٹ رکنے کی امید پیدا ہوئی لیکن وہ 30 گیندوں پر صرف سات رنز بنا کرکیشو مہاراج کی گیند پرایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ تین وکٹیں گنوانے کے بعد شاہین شاہ آفریدی کو بطور نائٹ واچ مین بھیجا گیا لیکن وہ کوئی رن اسکور کیے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔
قبل ازیں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو پاکستانی باﺅلرزنے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پروٹیز کو پہلی اننگز میں 220 رنزپرآوٹ کر دیا۔ پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے سب سے زیادہ تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ ڈیبیو میچ کھیلنے والے نعمان علی نے دو شکارکیے۔
جنوبی افریقہ کے ڈین ایلگر اور ایڈن مارکرم نے اننگز کا آغاز کرتے ہوئے پہلی وکٹ کی شراکت میں 30 رنز جوڑے تاہم اس موقع پر قومی ٹیم کے نوجوان فاسٹ باﺅلر شاہین شاہ آفریدی نے پہلی کامیابی دلاتے ہوئے ایڈن مارکرم کو پویلین کی راہ دکھا دی، وہ 16 گیندوں پر 13 رنز بنا کر عمران بٹ کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔
جنوبی افریقہ کی دوسری وکٹ 63 کے مجموعی اسکور پراس وقت گری جب ریسی وینڈرڈوسن نے فہیم اشرف کی گیند پر بھاگ پر رن لینے کی کوشش کی مگر دوسرے اینڈ پر موجود ڈین ایلگرنے ان کی کال کو مسترد کردیا جس پرانہیں آدھی وکٹ سے واپس جانا پڑا تاہم اس سے پہلے ہی محمد رضوان نے بابراعظم کی زبردست تھرو پکڑتے ہوئے انہیں رن آوٹ کر دیا، وہ 30 گیندوں پر تین چوکوں کی مدد سے 17 رنز بنا سکے۔
ڈین ایلگر اور فاف ڈوپلیسی نے چائے کے وقفے کے بعد 94 رنز سے اننگز کا آغاز کیا تو 108 کے مجموعی اسکور پر لیگ سپنر یاسر شاہ نے قومی ٹیم کو تیسری اور اہم کامیابی دلاتے ہوئے فاف ڈوپلیسی کو محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ کروا دیا۔ وہ 46 گیندوں پر چار چوکوں کی مدد سے 23 رنز بنانے میں کامیاب ہو سکے۔
ڈیبیو ٹیسٹ میچ کھیلنے والے نعمان علی نے بھی اپنی مہارت کے جوہر دکھائے اور 133 کے مجموعی اسکور پر کپتان کوینٹن ڈی کوک کو پویلین کی راہ دکھائی اور پھر مجموعی اسکور میں محض تین رنز کے اضافے کے بعد ہی ڈین ایلگر کو بھی آوٹ کر دیا، دونوں کھلاڑی بالترتیب 15 اور 58 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔ مہمان ٹیم کی چھٹی وکٹ 179 کے مجموعی سکور پر اس وقت گری جب ٹیمبا باووما 17 رنز بنا کر رن آوٹ ہو گئے۔
چائے کے وقفے کے بعد پروٹیز کی جانب سے کیشو مہاراج اور جارج لینڈے نے اننگز کا آغاز کیا تو مجموعی اسکور میں بغیر کسی اضافے کے یاسر شاہ نے کیشو مہاراج کو صفر کے انفرادی اسکور پر کلین بولڈ کر دیا۔ 194 کے مجموعی سکور پر جارج لینڈے کی مزاحمت بھی جواب دے گئی جو 35 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر محمد نواز کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔
جنوبی افریقہ کے آخری آوٹ ہونے والے کھلاڑی لونگی نگیڈی تھے جنہوں نے آٹھ رنز بنائے اور شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔
پاکستان کی جانب سے تمام باولرز نے ہی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے تاہم لیگ سپنر یاسر شاہ نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ ڈیبیو میچ کھیلنے والے نعمان علی اور شاہین شاہ آفریدی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں ، حسن علی ایک کھلاڑی کو آوٹ کرنے میں کامیاب ہوئے۔