جنوبی افریقا کی فوج نے مسلمان خواتین کو دورانِ ڈیوٹی حجاب کرنے کی اجازت دیدی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنوبی افریقا کی فوج نے اپنی ڈریس پالیسی میں تبدیلی کرتے ہوئے فوج میں خدمات انجام دینے والے مسلمان خواتین کو دورانِ ڈیوٹی حجاب کرنے کی اجازت دیدی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ برس جنوری میں جنوبی افریقا کی فوجی عدالت نے ایک خاتون افسر کے خلاف الزامات کو خارج کیا تھا جن پر فوجی ٹوپی کے اندر حجاب لینے کے الزام میں فرد جرم عائد کی گئی تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوبی افریقا کی فوج میں شامل میجر فاطمہ کو جون 2018 میں اس جرم کا مرتکب ٹھہرایا گیا تھا کہ انہوں نے یونیفارم میں حجاب اتارنے کا اپنے انسٹرکٹر کا حکم ماننے سے انکار کردیا تھا البتہ گزشتہ سال کیپ ٹاؤن کی فوجی عدالت نے خاتون افسرکے خلاف تمام الزامات کو ختم کردیا تھا اور خاتون کو یہ اجازت دی تھی کہ وہ دورانِ ڈیوٹی اپنے سر پر کالا کپڑا باندھ سکتی ہیں۔
جنوبی افریقا کی فوج میں اس واقعے کے بعد اب ڈیفنس فورس نے باقاعدہ اپنی ڈریس پالیسی میں ترمیم کی ہے اور دورانِ ڈیوٹی مسلمان خواتین کو حجاب کرنے کی اجازت دی ہے۔