قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق نے جنوبی افریقہ کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں قومی کرکٹ ٹیم کی کامیابی کو ٹیم ورک کا نتیجہ قرار دے دیا۔
انضمام الحق کا کہنا ہے کہ بابراعظم نے میچ میں بہترین کپتانی کا مظاہرہ کیا، ایک لمحے کے لیے بھی محسوس نہیں ہوا کہ وہ پہلی مرتبہ ٹیسٹ میچ میں کپتانی کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
انضمام الحق نے کہا کہ انجری کے بعد کرکٹ میں واپسی اور پھر پہلی مرتبہ ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کی وجہ سے بابراعظم پر دباؤ تھا، ایسے میں ٹاس کی اہمیت بہت بڑھ گئی تھی، ٹاس ہارنے کے باوجود پاکستان کی جانب سے بھرپور مزاحمت پر وہ بابراعظم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
سابق کپتان نے کہا کہ دوران میچ بابراعظم نے جو فیلڈ پوزیشن برقرار رکھی ، اس سے ان کی قائدانہ صلاحیتوں کی عکاسی ہوتی ہے۔
سابق کپتان نے کہا کہ میچ کی پہلی اننگز میں فواد عالم نے شاندار سنچری اسکور کی، وہ یہاں کی پچ اور کنڈیشنز سے بخوبی آگاہ ہیں۔ سابق بیٹسمین نے کہا کہ فواد عالم نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلنے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں، وہ یہاں فرسٹ کلاس کرکٹ میں 10سنچریاں بناچکے ہیں۔
انضمام الحق نے کہا کہ پاکستان کی پہلی اننگز میں فواد عالم اور اظہر علی کی پارٹنرشپ میچ کا ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوئی۔ 27 رنز پر 4 وکٹیں گنوانے کے بعد جس انداز میں ان دونوں بلے بازوں نے اپنے تجربے کا استعمال کرتے ہوئے پاکستان کو مشکلات کے بھنور سے نکالا وہ قابل ستائش ہے۔