وزیر محنت و ثقافت خیبرپختونخوا شوکت یوسفزئی نے پشاورکے چارلی چپلن کو ملازمت دینے کا اعلان کردیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق صوبائی وزیر محنت و ثقافت شوکت یوسفزئی نے پشاور کے چارلی چپلن کو اپنے گھر بلا کر ملاقات کی اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پشاورکے چارلی چپلن کو ملازمت دیں گے۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ بہت خوشی ہورہی ہے کہ ایک نوجوان اداکارکے ساتھ بیٹھا ہوں، محمد عثمان نے مشہور زمانہ چارلی چپلن کا کا کردار اپنایا ہے یہ بہت خوشی کی بات ہے۔
شوکت یوسفزئی نے بتایا کہ وزیراعلیٰ محمود خان کو پشاوری چارلی چپلن کی ویڈیو بھیجی ہے، وزیر اعلیٰ کو میں نے بتایا کہ پشاوری چارلی چپلن محمد عثمان بے روزگار ہے، وزیر اعلیٰ نے ویڈیو دیکھ کر کہا کہ ہم اس کو ملازت دیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم ان کی حوصلہ افزائی کریں گے یہ ان کا حق تھا ہم ہر سطح پر ان کو سپورٹ کریں گے۔
دوسری جانب پشاوری چارلی چپلن محمد عثمان نے کہا کہ حکومتی اقدام سے خوشی ہوئی، مزید محنت کروں گا، صوبائی حکومت اور شوکت یوسفزئی کا شکرگزار ہوں۔
محمد عثمان نے کہا کہ میرے پاس ملازمت نہیں تھی جس کی وجہ سے مشکلات کا شکار تھا، صوبائی حکومت نے مجھے ملازمت دینے کا اعلان کیا ہے اب اپنے کام پر پوری توجہ دوں گا۔