شام کے صنعتی ایریا میں ہونے والے کار بم دھماکے میں 6 افراد ہلاک اور22 زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ترکی کی وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شام کے شمالی صنعتی شہر عفرین میں ایک کار زوردار دھماکے میں تباہ ہوگئی جس کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک اور 25 زخمی ہوگئے۔
ترکی وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں حملے کی ذمے داری مسلح علیحدگی پسند تنظیم کردستان ورکز پارٹی پرعائد کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ بزدلانہ کارروائی کا بدلہ حملے کے ذمے داروں کو منطقی انجام تک پہنچا کر لیا جائے گا۔
دوسری جانب کردستان ورکز پارٹی سمیت تاحال کسی بھی گروپ نےحملے کی ذمے داری قبول نہیں کی ہے تاہم اس علاقے میں کئی مسلح گروپ متحرک ہیں اور زیادہ کارروائیاں کار بم دھماکے کے ذریعے کی جاتی ہیں جنہیں فوری طور پر قبول بھی کرلیا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ شام کے علاقے عفرین کو ترک فوج نے 2018 میں ایک بڑے فوجی آپریشن کے ذریعے جنگجوؤں سے واگزار کرایا تھا تاہم شہرکے کئی حصوں میں اس قسم کی کارروائیوں کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔