کراچی کے علاقے بوٹ بیسن میں لڑکی کے ساتھ موٹر سائیکل پر سوارقتل ہونے والے لڑکے کے والد کا بیان سامنے آ گیا۔ بوٹ بیسن میں فائرنگ سے موٹرسائیکل پر سوار خاتون اور مرد جاں بحق ہوگئے جن کی شناخت عدنان اورعینی کے ناموں سے ہوئی۔
پولیس کے مطابق دونوں کو ٹارگٹ کرکے قتل کیا گیا، موقع سے 30 بور پستول کے 6 خول ملے ہیں، عدنان کو جسم کے اوپری حصے میں 2 گولیاں لگیں جبکہ عینی کو4 گولیاں لگیں۔
مقتول عدنان کے والد کا کہنا ہے کہ ان کے بیٹے کی کسی سے دشمنی نہیں تھی اوروہ غیر شادی شدہ تھا، قتل ہونے والی لڑکی سے ان کا کوئی رشتہ نہیں ۔عدنان ہجرت کالونی کا رہائشی اورکلفٹن کے ریسٹورنٹ میں کام کرتا تھا۔
عینی شاہدین کے مطابق پہلے فائرنگ کی آوازآئی اور پھرایک فور وہیل گاڑی تیزی سے گزری۔ پولیس کے مطابق لڑکے کے ساتھ موٹر سائیکل پر سوار خاتون عینی شادی شدہ تھی اوراس کا شوہرالطاف عرف طوفان ہجرت کالونی میں ڈبوکی دکان چلاتا ہے، خاتون کے اہلخانہ میں سے کسی نے تاحال پولیس سے رابطہ نہیں کیا۔پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے بھی تحقیقات شروع کردی ہیں۔