پیپلزپارٹی کے سینئر رہنمااور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کاکہناہے کہ وزیراعظم عمران خان کی مشروط استعفے کی پیشکش بے معنی ہے ،کرپشن اور دولت لوٹانے کافیصلہ عدالتوں نے کرنا ہے ۔
نجی ٹی وی کے مطابق احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضاگیلانی نے کہاکہ پیپلزپارٹی مخلوط حکومت کی ماہر ہے، پی پی کے پاس 124 ووٹ تھے لیکن میں وزیراعظم بنا،تمام اتحادیوں کے ساتھ لے کرچلے ۔
انہوں نے کہاکہ تحریک عدم اعتماد پی ڈی ایم کے آخری آپشنز میں سے ایک ہے،جب سب آپشن استعمال ہونگے تو آخر میں استعفے دیں گے ۔
یوسف رضاگیلانی نے کہاکہ ن لیگ کی میزبانی میں پی ڈی ایم کا جلسہ کشمیر میں ہوگا،پی ڈی ایم سربراہی اجلاس میں اہم فیصلے ہونگے ،ان کاکہناتھا کہ اتحاد میں 11 جماعتیں ہیں سب کا موقف سناجاتا ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہاکہ سینیٹ الیکشن سے قبل ماہرین کی رائے پر استعفے نہیں دیے،ہم چاہتے تھے استعفوں سے سینیٹ الیکشن رک جائے گا،ماہرین نے رائے دی استعفوں کے باوجود سینیٹ الیکشن ہوگا۔