نیشنل کمانڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے دوران 20 فیصد تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دیدی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن کا آغاز 20 فروری سے ہونا ہے جس کیلیے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ سمیت تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور اسٹیڈیمز کی تزئین و آرائش کا سلسلہ بھی جاری ہے تاہم کورونا وباءکے باعث تماشائیوں کی سٹیڈیم داخلے سے متعلق معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے حکومت سے رابطہ کر رکھا تھا۔
این سی او سی نے اس حوالے سے فیصلہ کرتے ہوئے 20 فیصد تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دیدی ہے اورذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے تمام ایس او پیز کو مدنظر رکھتے ہوئے پلان بھی تیارکرلیا ہے۔
پی سی بی حکام سے ٹکٹ بیچنے والی تین کمپنیوں کے افسران کی ملاقات بھی ہو چکی ہے اور منصوبے کے مطابق شائقین میں کم از کم دو سیٹوں کا فاصلہ ہو گا البتہ فیملی کے ممبران کو ایک ساتھ بیٹھنے کی اجازت ہو گی۔
ذرائع کے مطابق ٹکٹوں کی فروخت 10 فروری سے شروع ہونے کا امکان ہے اور کوویڈ 19 کی وجہ سے اس مرتبہ صرف آن لائن ٹکٹیں بیچنے کا پلان زیرغور ہے جبکہ کم شائقین کی انٹری کی وجہ سے قیمتوں کے نرخ بھی تھوڑے زیادہ ہوں گے۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین احسان مانی نے کہا ہے کہ تماشائیوں کو سٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ملنا خوش آئند ہے تاہم اس دوران انسداد کورونا پروٹوکولز پر سختی سے عملدرآمد ہو گا جبکہ ٹکٹنگ پالیسی کا اعلان بھی جلد کر دیا جائے گا۔