پاکستان ٹیم نے جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں پہلے دن کا کھیل ختم ہونے پر 3 وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز بنالیے، بابر اعظم سنچری اور فواد نصف سنچری کی جانب گامزن ہیں۔
پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے جارہے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
قومی ٹیم کی پہلی وکٹ عمران بٹ کی شکل میں گری، جو 21 کے مجموعے پر 15 رنز بنا کر کیشوو مہارج کا شکار بنے۔
دوسری وکٹ بھی 21 رنز کے مجموعے پر گری جب اظہر علی کھاتہ کھولے بغیر ہی کیشوو مہاراج کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔
اس کے بعد صرف ایک رنز کے اضافے کے بعد ایڈن مارکرم نے شارٹ لیگ پر شاندار کیچ پکڑ کر 6 رنز بنانے والے عابد علی کی اننگز کا بھی خاتمہ کروادیا۔
جب قومی ٹیم 22 رنز پر ہی ابتدائی تین اہم بلے باز سے محروم ہوگئی تھی تو ایسے میں ماسٹر کلاس بابر اعظم نے ان فارم فواد عالم کے ہمراہ ٹیم کو سہارا دیتے ہوئے تباہی سے بچالیا۔ کپتان بابر اعظم 77 اور فواد عالم 42 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔
پنڈی ٹیسٹ کے پہلے روز چائے کے وقفے کے دوران ہی راولپنڈی میں بارش کا سلسلہ شروع ہوا جو تھوڑی دی جاری رہا، تاہم بارش زیادہ ہونے اور اسٹیڈیم کی گھاس گیلی ہوجانے کے باعث مزید کھیل ممکن نہ ہوسکا اور مقررہ وقت سے قبل ہے دن کا اختتام کردیا گیا۔