ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز اسٹار بلے باز کرس گیل نے ٹی 10 کرکٹ میں تیز ترین نصف سنچری بنانے کا ریکارڈ برابرکردیا انہوں نے مراٹھا عریبیئنز کیخلاف صرف 22 گیندوں پر 84 رنز بنا ڈالے۔
تفصیلات کے مطابق ابوظہبی میں جاری ٹی 10 لیگ میں ٹیم ابوظہبی کی نمائندگی کرنے والے کرس گیل نے اپنی دھواں دار اننگز کے دوران نو چھکے اور چھ چوکے جڑے اور یوں 78 رنز صرف باﺅنڈریز کے ذریعے بنائے جبکہ نصف سنچری صرف 12 گیندوں پر مکمل کرکے محمد شہزاد کا ریکارڈ برابرکیا جو 2018ءکے ایڈیشن میں بنا تھا۔
دوسری جانب ابوظہبی ٹی 10 لیگ میں قلندرز کے فاتحانہ سلسلے کو بریک لگ گیا جسے دہلی بلز نے نو وکٹ سے شکست دیدی، یہ قلندرز کی مسلسل پانچ فتوحات کے بعد پہلی شکست ہے، دہلی بلز نے 108 رنز کا ہدف صرف ایک وکٹ پر 16 گیندیں قبل حاصل کرلیا، ایون لوئس 48 اور روی بوپارا 37 رنز پر ناٹ آﺅٹ رہے، اس سے پہلے قلندرز نے چھ وکٹوں کے نقصان پر107 رنز بنائے،ٹام بینٹن نے 26 رنز اسکور کیے۔