کراچی کے علاقے ملیر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران ضلعی انتظامیہ کو مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔کارروائی کے دوران مشتعل افراد نے پتھراؤ کیا جس سے ہیوی مشینری کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ مظاہرین نےمشین آپریٹر پر بھی تشدد کیا۔
آپریشن کے مقام پر سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ بھی کارکنان کے ہمراہ پہنچ گئے۔اس سے قبل کراچی کے علاقے سپر ہائی وے کے قریب فارم ہاؤسز گرانے کا کام جاری ہے، بھاری مشینری سے مختلف فارم ہائوسز کا اسٹرکچر گرایا گیا۔
حلیم عادل شیخ نے سندھ حکومت پر انتقامی کارروائی کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اُن کے کزن اور بھائی کے فارم ہاؤس گرائے جارہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جن زمینوں پر آپریشن کیا جارہا ہے ان کے کاغذات اور اسٹے آرڈر موجود ہیں۔
پی ٹی آئی سندھ کے سینئر رہنما فردوس شمیم نقوی نے فارم ہاوسز گرائے جانے کے معاملے پر چیف جسٹس سے از خود نوٹس لینے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ ایس بی سی اے حکام سیاسی جماعت کے آلہ کار بن چکے ہیں۔