نشیبی علاقوں میں موجود دیہاتیوں کی منتقلی شروع کردی گئی۔فائل فوٹو
نشیبی علاقوں میں موجود دیہاتیوں کی منتقلی شروع کردی گئی۔فائل فوٹو

بھارت میں گلیشئر پھٹ گیا۔100سے زائد افراد کی ہلاکت کا خدشہ

شمالی بھارت میں ہمالین گلیشئر پھٹنے سے پیدا ہونیوالی سیلابی صورتحال سے 100سے زائد افراد کی ہلاکت کا خدشہ ہے ، سیلابی صورتحال کے باعث نشیبی علاقوں میں موجود دیہاتیوں کی منتقلی شروع کردی گئی۔

بھارتی ٹی وی کے مطابق جوشی ماتھ کے قریب گلیشئر پھٹنے سے رشی گنگا تپووان ہائیڈروپاور پراجیکٹ کا ڈیم ٹوٹ گیا اور بھاری نقصان کی اطلاع ہے ۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق اتراکھنڈ کے چیف سیکریٹری اوم پرکاش نے بتایا کہ اصل تعداد تو ابھی معلوم نہیں لیکن 100سے 150افراد کی ہلاکت کا خدشہ ہے،عینی شاہد کے حوالے سے بتایا گیاکہ گلیشئر پھٹنے سے دھول کی ایک دیوار، چٹانیں اور پانی وادی میں گرا۔

ایک اور شہری نے بتایاکہ یہ سب کچھ اتنی جلدی میں ہوا کہ کسی کو خبردار کرنے بھی مہلت نہ ملی ، ہمیں بھی ڈر تھا کہ بہہ جائیں گے ۔مقامی شہریوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ قریبی ہائیڈروپاور پراجیکٹ پر کام کرنیوالے یا پھر بھیڑ بکریاں چرانے والے لوگ بھی بہہ گئے ہیں لیکن ابتدائی طورپر لاپتہ ہونیوالے افراد کی تعداد کے بارے بھی کچھ نہیں کہا جاسکتا۔

ادھر بھارت کے وزیراعظم نریندرا مودی نے کہاکہ وہ خود ساری صورتحال کو مانیٹر کررہے ہیں اور قوم دعا گوہے ۔ اترکھنڈکے وزیراعلیٰ نے بتایا کہ دریا میں پانی کی اونچائی معمول سے ایک میٹر زیادہ ہے ۔