ہالی وڈ اداکارہ جنیفر لارینس نیٹ فلکس کی فلم ‘ڈونٹ لُک اَپ’ کی شوٹنگ کے دوران زخمی ہو گئیں جس کے بعد شوٹنگ عارضی طور پر روک دی گئی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حادثہ جنوب مشرقی میساچوسٹس میں جمعہ کی صبح شوٹنگ کے دوران پیش آیا۔
اینٹرپرائز بلڈنگ کا شیشہ شوٹنگ کے دوران جان بوجھ کر توڑا گیا تھا اور شیشہ اداکارہ جنیفر لارینس کی آنکھ کے قریب آکر لگا۔رپورٹس کے مطابق جیسے ہی حادثہ پیش آیا تو اداکارہ جنیفر زمین پر جاگریں جسے کے بعد کریو ممبرز اورکو اسٹار نے فوراً ان کی مدد کی۔
میڈیا رپورٹس کےمطابق جنیفر لارینس خیریت سے ہیں اور کچھ روز آرام کے بعد ان کی شوٹنگ میں واپسی کا امکان ہے۔
خیال رہے کہ اداکارہ جنیفر لارینس جلد نیٹ فلکس کی آنے والی فلم ‘ڈونٹ لُک اَپ’ میں نظر آئیں گی جس کی ہدایت کاری ایڈم میکے دے رہے ہیں۔
علاوہ ازیں فلم میں اداکار لیونارڈو دی کیپریو، ٹیموتھی چھلامیٹ، کرس ایوانس، کیٹ بلینچیٹ اور میریل اسٹریپ اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔