وکلا کی جانب سےگزشتہ روزکی گئی ہنگامہ آرائی کے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ اورماتحت عدالتیں بند ہیں جبکہ سپریم کورٹ کی سیکیورٹی میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق اسلام آباد میں وکیلوں کی جانب سے ہائی کورٹ میں کی گئی توڑ پھوڑکے دوسرے روز بھی عدالتی نظام مفلوج ہے۔ ہائی کورٹ اورماتحت عدالتوں میں کسی بھی مقدمے کی سماعت نہیں ہورہی۔
پولیس اور رینجرزکی بھاری نفری اسلام آباد ہائی کورٹ کے اندراور باہر سیکیورٹی سنبھالنے ہوئے ہے، اس کے علاوہ ریڈ زون اور سپریم کورٹ کی سیکیورٹی میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے، سپریم کورٹ داخلی راستوں پر پولیس کی اضافی نفری تعینات ہے جب کہ سپریم کورٹ کے مرکزی دروازے پر بکتر بند گاڑی کھڑیئ کردی گئی ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد کے رمنہ پولیس اسٹیشن میں دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت 30 سے زائد وکلا کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ جس کے بعد پولیس نامزد وکلا کی گرفتاری کے لیے کارروائی بھی کررہی ہے۔
ادھراحتساب عدالت نے ایل این جی ریفرنس کی سماعت 17 فروری تک ملتوی کردی ۔
تفصیلات کے مطابق ایل این جی ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد اعظم خان نے کی جس دوران شاہد خاقان عباسی اور نیب پراسیکیوٹر عثمان مسعود عدالت میں پیش ہوئے ، وکلاکی ہڑتال کے باعث سماعت کو بغیر کارروائی ملتوی کر دیا گیاہے ۔ کیس کی سماعت 17 فروری تک ملتوی کردی گئی ہے ۔