ریاض: سعودی عرب کے ابھا ایئرپورٹ پر یمن کے حوثی باغیوں نے حملہ کرکے ایک طیارے کو نذر آتش کردیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کی قیادت میں قائم عسکری اتحاد کے ترجمان نے بتایا ہے کہ یمن کے حوثی باغیوں نے ابھا ایئرپورٹ میں داخل ہوکر فائرنگ کردی اور اس دوران ہوائی اڈے پر موجود ایک طیارے کو بھی آگ لگا دی گئی۔
کرنل ترکی المالکی نے مزید بتایا کہ شہریوں کو حوثیوں کے خطرات سے بچانے کے لئے ضروری اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ حملہ آوروں کو سخت جوابی کارروائی دیکر پسپا کردیں گے۔ حملے میں کسی کے ہلاک یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں۔
اس سے قبل بھی حوثی باغیوں نے جون 2019 میں اسی ایئرپورٹ پر دو حملے کیے تھے، پہلے حملے میں ایک شخص ہلاک اور 9 زخمی جب کہ دوسرے حملے میں 26 افراد زخمی ہوگئے تھے۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس دسمبر میں یمن میں اترنے والے یمنی وزیراعظم کے طیارے پر حوثی باغیوں نے حملہ کردیا تھا جس میں 26 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔