تنخواہیں بڑھانے کے معاملے پر حکومت اور سرکاری ملازمین کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے۔ حکومت نے سرکاری ملازمین کو فوری طور پر 25 فیصد ایڈہاک ریلیف دینے کا اعلان کردیا۔
وزیر داخلہ شیخ رشید اور وزیر پارلیمانی امور علی محمد خان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا کہ سرکاری ملازمین کے مطالبات مانے گئے ہیں۔ سرکاری ملازمین کو فی الحال 25 فیصد ریلیف دیا جائے کہا۔
پرویز خٹک نے کہا کہ بجٹ میں وفاقی سرکاری ملازمین کی 25فیصد تنخواہیں بڑھیں گی،جون میں بجٹ سے اپ گریڈیشن کا فیصلہ بھی کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بجٹ میں وفاقی ملازمین کی تنخواہوں میں 40 فیصدتک ریلیف دیں گے،ٹائم اسکیل خیبرپختونخوا میں منظورہوگیا ہے، باقی صوبے بھی کریں گے۔
شیخ رشید نے کہا کہ مذاکرات احسن طریقے سے ہوئے۔ سرکاری ملازمین کا احتجاج آج ہی ختم ہوگا۔ وزیر اعظم نے پرویز خٹک کی زیر صدارت کیمٹی بنائی ہے، ایک سے 19 گریڈ کے ملازمین کے معاملات طے پاگئے ہیں۔ گریڈ بیس سے اوپر تنخواہوں کا فیصلہ بجٹ میں ہو گا۔ اس فیصلے کی منظوری خود جا کر وزیراعظم سے لی ہے۔
شیخ رشید نے گرفتار ملازمین کو رہا کرنے اور مقدمات واپس لینے کا بھی اعلان کردیا اور ساتھ یہ بھی کہا کہ قانون کو ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔