لاہور: پاکستان سپر لیگ سیزن 6 (2021) کیلیے میچ آفیشلز کے ناموں کا اعلان کردیا گیا۔ آئی سی سی ایلیٹ پینل آف امپائرز میں شامل علیم ڈار، رچرڈ ایلنگ ورتھ اور مائیکل گف امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گے۔
پاکستان سپر لیگ کو سپر ڈوپر ہٹ بنانے کے لیے جہاں بہترین کرکٹرز کا چناو کیا گیا ہے وہیں فیصلے متنازع ہونے سے بچنے کیلئے بہترین امپائرز اور ریفریز کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔
آئی سی سی ایلیٹ پینل آف امپائرز میں شامل پاکستانی امپائر علیم ڈار، انگلش امپائر رچرڈ ایلنگ ورتھ اور مائیکل گف امپائرنگ کی ذمہ داری نبھائیں گے۔
پاکستان کرکٹ کونسل (پی سی بی) ایلیٹ پینل آف امپائرز میں شریک آصف یعقوب، احسن رضا، فیصل خان آفریدی، عمران جاوید، راشد ریاض، شوزب رضا اور ضمیر حیدر بھی سپر کرکٹ کے دوران امپائرنگ کریں گے۔
آئی سی سی ایلیٹ پینل آف ریفریز کے سابق رکن سری لنکن ریفری روشن ماہنامہ کے علاوہ پی سی بی ایلیٹ پینل آف ریفریز میں شامل علی نقوی، افتخار احمد، محمد انیس اور محمد جاوید ملک ٹورنامنٹ کے 34 میچوں میں پلیئنگ کنٹرول ٹیم کی سربراہی کریں گے۔
کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان افتتاحی میچ میں علیم ڈار اور احسن رضا فیلڈ امپائرز ہوں گے، راشد ریاض کو تھرڈ امپائر اور آصف یعقوب کو فورتھ امپائر مقرر کیا گیا ہے، جبکہ روشن ماہنامہ پہلے میچ میں ریفری کے فرائض انجام دیں گے۔ ٹورنامنٹ فروری کے آخر اور مارچ میں کھیلا جائے گا۔