اسلام آباد: بجلی صارفین کیلئے ایک اور بری خبر یہ ہے کہ تین دن میں تیسری مرتبہ بجلی کی قیمت میں اضافے کا فیصلہ کردیا گیا۔
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی 1 روپیہ 95 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دے دی جس کے نتیجے میں بجلی کا اوسط ٹیرف 14.38 روپے سے بڑھ کر 16.33 روپے فی یونٹ مقرر کردیا گیا۔
اس معاملے کا افسوس ناک پہلو یہ ہے کہ اس فیصلے کا اطلاق 50 یونٹ تک والے غریب صارفین پر بھی یکساں طور پر ہوگا۔ نیپرا نے کہا کہ قیمت میں اضافے کی منظوری وفاقی حکومت کی درخواست پر دی گئی ہے۔ اس فیصلے سے صارفین پر 200 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔
کے الیکٹرک کے صارفین پر فیصلے کا اطلاق نہیں ہوگا اور نئی قیمتوں کا اطلاق وفاقی حکومت کے نوٹیفیکیشن کے بعد ہوگا۔
واضح رہے کہ نیپرا نے بدھ کو بجلی کی قیمت 1 روپے 53 پیسے اور جمعرات کو 83 پیسے فی یونٹ مہنگی کی تھی تاہم وہ اضافہ فیول ایڈجسمنٹ کی مد میں تھا۔