وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ووٹ خرید کر سینیٹر بننے والے ایوان بالا کی افادیت پر سوالیہ نشان ہیں۔ان کے خلاف آرٹیکل 63 کےعلاوہ کرمنل کارروائی بھی کی جائے گی۔
ایک انٹرویو میں وفاقی وزیرفوادچوہدری نے کہا کہ جب تک خفیہ ووٹنگ کا طریقہ رائج رہے گا سینیٹ انتخابات میں لین دین چلتا رہے گا۔ووٹ خرید کر سینیٹر بننے والے تاحال سینیٹ میں ہیں۔ ایسے افراد کے خلاف پولیس،ایف آئی اے اور نیب بھی ایکشن لے گا۔
فوادچوہدری نےبتایا کہ ویڈیواسکینڈل کی تحقیقات کرنےوالی کمیٹی کے پاس مزید ثبوت آنے کے بعد موثر کارروائی ہوگی۔ اس وقت سامنے آنی والی ویڈیو ہماری ملکیت میں نہیں تھی،وہ ویڈیو اور تھی۔اگر ویڈیو ہمارے پاس ہوتی تو ایسے شخص کو وزیرقانون نہ بناتے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے لیےکرپشن اورہارس ٹریڈنگ معمول کی بات ہے۔پی ٹی آئی اب سینیٹ میں سب سے بڑی جماعت ہوگی۔