پاکستان کرکٹ بورڈ اور ٹیم مینجمنٹ نے محمد حفیظ اور سرفراز احمد کے بیانات کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے قومی کرکٹرز کو بیانات کے ذریعے تنازعات میں نہ پڑنے کی ہدایت کی ہے۔
پی سی بی ذرائع کے مطابق ٹیم منیجر نے کرکٹرز سے بات کرکے معاملہ رفع دفع کرا دیا۔
ذرائع پی سی بی کا کہنا ہے کہ ٹیم مینجمنٹ اور پی سی بی عہدیداران قومی کرکٹرز کے بیانات پر ناخوش تھے۔
واضح رہے کہ جنوبی افریقا کے خلاف لاہور میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں سنچری بنانے پر محمد حفیظ نے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کی تعریف کرتے ہوئے ٹوئٹر پر لکھا تھا کہ آپ چمکتے ہوئے ستارے ہو، حیرت ہے کہ آپ کو کب تک یہ ثابت کرنے کی ضرورت ہے کہ آپ تمام فارمیٹس میں پاکستان کے نمبر ون وکٹ کیپر بیٹسمین ہو۔
محمد حفیظ کے اس ٹوئٹ پر سرفراز احمد نے کہا تھا کہ حفیظ بھائی پاکستان کے لیے جس نے بھی کھیلا امتیاز احمد، وسیم باری، تسلیم عارف سے لے کر سلیم یوسف اور معین خان، راشد لطیف سے لے کر کامران اکمل اور اب محمد رضوان تک سب پاکستان کے لیے نمبر ون رہے اور اسی کے مطابق ان کی عزت کی جاتی ہے۔