دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں جنوبی افریقا نے پاکستان کو 6 وکٹ سے شکست دے کر3 میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کردی ہے۔پاکستان کا 145 رنز کا ہدف جنوبی افریقا نے 16اعشاریہ 2 اوورز میں 4 وکٹ پر حاصل کرلیا۔
جنوبی افریقا کی طرف سے ریزا ہینڈرکس اور پائٹ وین بلجون نے 42، 42 رنز کی اننگز کھیلی اور اپنی ٹیم کی کامیابی میں نمایاں کردار ادا کیا۔جنوبی افریقا کی پہلی وکٹ پہلے اور دوسری وکٹ تیسرے اوور شاہین شاہ آفریدی نے حاصل کرلیں، اس موقع پر ہینڈرکس اور بلجون نے عمدہ بیٹنگ کی۔
دونوں کی بیٹنگ کے دوران اور بعد میں بھی ایک موقع پر بھی ایسا نہیں لگا کہ میچ جنوبی افریقی ٹیم کے ہاتھوں سے نکل گیا یا پاکستانی ٹیم نے میچ میں واپسی کی ہے۔تیسری وکٹ پر دونوں جنوبی افریقی بیٹسمینوں نے اسکور میں 77 رنز کا اضافہ کیا، 98 رنز پر ہینڈرکس کو عثمان نے میدان بدر کیا اس کے بعد بلجون 105 پر نواز نے پویلین کی راہ دکھائی۔
جنوبی افریقا کی طرف سے ڈیوڈ میلان اور کپتان ہنری کلاسن نے 17 ویں اوور میں ٹیم کو فتح سے ہمکنار کردیا۔ڈیوڈ میلان 25 اور ہنری کلاسن 17 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے، پاکستان کی طرف سے شاہین شاہ آفریدی نے 2 عثمان اور محمد نواز نے 1،1 وکٹ اپنےنام کی۔
اس سے قبل جنوبی افریقی کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، گزشتہ میچ میں جنوبی افریقہ کی ٹیم صرف 3 رنز سے ہار گئی تھی۔جنوبی افریقی ٹیم نےاُسی اسٹیڈیم پر دوسرے میچ میں فتح کے ساتھ پہلے مقابلے میں شکست کا داغ دھو دیا۔