وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ بارڈر مینجمنٹ کو جدید بنارہے ہیں، داخلی سلامتی یقینی بنائیں گے، پاکستان اور ایران کی سرحد پر باڑ لگانے کا کام 40 فیصد مکمل ہوچکا ہے۔
شیخ رشید احمد نے پاک ایران بارڈر کا دورہ کیا، اس کے علاوہ گوادر، تربت، مند اور ریدیگ کے سرحدی علاقوں کا فضائی معائنہ بھی کیا۔
وزیر داخلہ نے بلوچستان میں حالیہ قائم رمدان گبد پاک ایران ٹریڈ گیٹ وے کا دورہ کیا۔
وزیر داخلہ نے پاکستان اور ایران کے درمیان تجارتی سامان کی ترسیل سے متعلق سہولیات کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر شیخ رشید نے کہا کہ پاک ایران سرحد پر 928 کلومیٹر باڑ لگانے کا کام جون تک مکمل ہوجائے گا، پاک افغان بارڈر پر بھی باڑ کا 90 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ جون تک ایران اور افغانستان بارڈز پر باڑ کا کام سو فیصد مکمل ہوجائے گا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ملکی تجارت کے فروغ اور لوگوں کی آمدورفت کو آسان بنائیں گے۔