مسلم اسٹوڈنٹس فیدریشن (ن) بلوچستان کے نوجوانوں کو قومی دھارے میں لانے کے لئے سرگرم ہے۔محترمہ مریم نواز شریف کی رہنمائی میں بلوچستان اور سندھ کے نوجوانوں کی کھیلوں کے میدان میں صحتمندانہ سرگرمیاں سیاسی میدان تک بڑھائی جائیں گی۔
اس حوالے سے مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن (ن) سندھ کے صدر یاسر عدیل شیخ نے لال اسپورٹس اسٹیڈیم ڈالمیا کراچی میں بلوچستان اور کراچی کی فٹبال ٹیموں کے مابین فائنل میچ کے بعد دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں اور بڑی تعداد میں حاضرین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید فدا حسین جان فٹبال کلب پنجگور بلوچستان کی ٹیم کی کراچی آمد اور ٹورنامنٹ میں حصہ لینے سے بلوچستان کے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں منوانے کے مواقع ملیں گے۔
بشیر الیون فٹبال کلب ڈالمیا کراچی اور شہید فدا حسین جان فٹبال کلب پنجگور بلوچستان کی ٹیموں کے مابین کھیلے جانے والے فائنل میچ میں ایم ایس ایف(ن) سندھ کے صدر یاسر عدیل شیخ مہمان خصوصی جبکہ دیگر مہمانوں میں کراچی ڈویژن کے صدر سردار محمد سہیل، ضلعی عہدے دار محمد بیور بلوچ، محمد حاذق آرائیں، خلیل میتلو کے علاوہ مقامی عمائدین مشتاق احمد راجپوت، فضل بلوچ، ظفر بلوچ، غلام مرتضی، محمد کامل قریشی، شہزاد بلوچ، کیپٹن جمیل، کامران شاہ، گلزار غنی بلوچ، رمیز بلوچ اور بشیر الیون فٹبال کلب ڈالمیا کے روح رواں اقبال سلیمانی نے شرکت کی.
بشیر احمد فٹبال ٹورنا منٹ کے فائنل میچ کی فاتح ٹیم بلوچستان کے شہید فدا حسین جان فٹبال کلب کے کھلاڑیوں کو انعامی ٹرافی اور انعامات تقسیم کئے گئے جبکہ ٹورنامنٹ میں دوسرے نمبر پر آنے والے کراچی کے بشیر الیون فٹبال کلب ڈالمیا کے کھلاڑیوں کو بھی ٹرافی اور انعامات دئیے گئے.
فٹبال ٹورنامنٹ میں شریک شرکا سے خطاب کرتے ہوئے مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن(ن) سندھ کے صدر یاسر عدیل شیخ نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی قیادت کے حکم کے مطابق پاکستان کے تمام نوجوانوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے کیلئے ایم ایس ایف(ن) بین الصوبائی کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد تمام صوبوں کے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں منوانے کے مواقع فراہم کر رہی ہے۔
مسلم اسٹودنٹس فیڈریشن(ن) تعلیمی اداروں میں طلبہ تنظیموں پر عائد آمرانہ بندش کے خاتمے کے لئے بھی بہت جلد ملکی سطح پر تحریک کا آغاز کرے گی تاکہ پاکستان کے ہر نوجوان کو کھیلوں اور صحت مند سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے اور پاکستان میں نئی نوجوان سیاسی قیادت کو آگے بڑھنے کے مواقع ملیں.
اس حوالے سے مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن(ن) کراچی ڈویژن کے صدر سردار محمد سہیل نے فٹبال فائنل کے کھلاڑیوں اور شائقین سے خطاب میں کہا کہ بلوچستان کے ساتھیوں کی کراچی آمد پر ہم ان کے مشکور ہیں اور کوشش کر رہے ہیں کہ کراچی کی ٹیمیں بھی بلوچستان کے تمام اضلاع میں جاکر میچ کھیلیں اور دونوں صوبوں کے نوجوان مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے پلیٹ فارم سے بین الصوبائی ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ میں قائدانہ کردار ادا کر سکیں.