کلفٹن میں پولیس نے ساس کو تشدد کا نشانہ بنانے والی بہو کو گرفتارکرلیا، خاتون کے خلاف اس کے شوہر نے مقدمہ درج کرایا تھا ، شوہرکا کہنا ہے کہ اس کی اہلیہ اس کی ماں کو تشدد کا نشانہ بناتی اور انھیں قتل کرنے کی کوشش کررہی تھی۔
پولیس کے مطابق کلفٹن بلاک فائیو کے رہائشی غلام علی نے پولیس کو بتایا کہ اس کی ماں کو اس کی اہلیہ تشدد کا نشانہ بناتی ہے جس کی اس کے پاس ویڈیو بھی موجود ہے ، پولیس نے واقعے کا مقدمہ غلام علی کی مدعیت میں الزام نمبر 148/2021 بجرم دفعہ 506-بی ، 504 اور دیگر دفعات کے تحت اس کی اہلیہ افشاں کے خلاف درج کرلیا۔
ایف آئی آر کے مطابق مدعی چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ہے جس کی 70 سالہ بیوہ ماں اکثر بیمار رہتی ہے، جس کی دیکھ بھال کے لیے اس نے ماسی رکھی ہوئی ہے ، شام کو جب وہ واپس آیا تو اس کی ماں کے جسم پر تشدد کے نشانات تھے ، اہلیہ سے معلوم کیا تو اس نے کہا کہ بیماری کے باعث گرگئی تھیں جس سے انھیں چوٹیں آئی ہیں ، ماسی سے معلوم کیا تو اس نے بتایا کہ آپ کی بیوی نے ماں پر تشدد کیا ہے اور انھیں چھری سے قتل کرنے کی بھی کوشش کی ہے جس کے لیے آپ کی ساس بلقیس نے بھڑکایا تھا۔
پولیس نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب ملزمہ افشاں کو اپنی ساس پر تشدد کے الزام میں گرفتارکرلیا، پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہے ۔