ہرات: افغان صوبے ہرات میں سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ کے قریب کار بم دھماکے میں 6 اہلکار ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے۔
افغان میڈیا کے مطابق گزشتہ رات صوبے ہرات کے ضلع کوہسان میں سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ کے قریب کار بم دھماکے اور طالبان سے جھڑپوں کے نتیجے میں 6 اہلکار ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے، چیک پوسٹ پر حملے کے بعد علاقے کو سیکیورٹی فورسز کی بڑی تعداد نے گھیرے میں لیکر آپریشن شروع کردیا۔
ہرات کے گورنر سید وحید قتالی نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ رات پہلے سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ کو کار بم دھماکے سے نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں پبلک اب رائزنگ فورس کے 6 اہلکار ہلاک ہوگئے جب کہ طالبان اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپیں کئی گھنٹے تک جاری رہیں۔
دوسری جانب کار بم دھماکے اور طالبان کے حملے سے متعلق مقامی انتظامیہ کا موقف سامنے نہیں آیا جب کہ طالبان کی جانب سے بھی کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 2 روز قبل بھی افغانستان کے صوبے لوگار میں ایک سیکیورٹی چیک پوسٹ پر مسلح افراد نے دھاوا بول دیا تھا، جس پر اہلکاروں نے بھی شدید مزاحمت کا مظاہرہ کیا اور دو گھنٹے تک جاری رہنے والی جھڑپ میں پبلک اپ رائزنگ سیکیورٹی فورس کے 9 اہلکار ہلاک ہوگئے۔