اپوزیشن نے پنجاب حکومت کے خلاف نئے معرکے کی تیاری کرلی۔
ملاقات کے بعد حمزہ شہباز اور بلاول بھٹو زرداری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم سینیٹ انتخابات میں حکومت کو تاریخی شکست دی،وزیر اعظم نے پاکستان کے عوام کے ساتھ مذاق کیا،حکومت خوف مبتلا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ اب کٹھ پتلی تماشہ، ڈرامے بازی نہیں چلے گی، اب فیصلے آپ نہیں لیں گے، اب ہم آپ کو بتائیں گےکہ عدم اعتماد کب اور کہاں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کو چیئرمین سینیٹ بنائیں گے، ہم آپ کا مقابلہ چیئرمین سینیٹ کے الیکشن میں بھی کریں گے، چیئرمین سینیٹ کا الیکشن بھی مل کر لڑیں گے اور ان کو ٹف ٹائم دیں گے۔
لاہور میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈراور نون لیگی رہنما حمزہ شہباز شریف سے ان کی ماڈل ٹاؤن میں واقع رہائش گاہ پر ملاقات کی۔
حمزہ شہباز اور بلاول بھٹو زرداری کی ملاقات کے موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹراورسابق وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی بھی موجود تھے۔
پی ڈی ایم رہنماؤں نے اپوزیشن کے لانگ مارچ، پنجاب میں اِن ہاؤس تبدیلی اور یوسف رضا گیلانی کو چیئرمین سینیٹ لانے سمیت حکومت کے خلاف حکمتِ عملی پر تبادلۂ خیال کیا۔
حمزہ شہباز کے بلاول بھٹو زرداری کے اعزاز میں دیے گئے ظہرانے میں شرکت کرنے والے پیپلز پارٹی کے دیگر رہنماؤں میں قمر زمان کائرہ، چوہدری منظور اور حسن مرتضیٰ شامل تھے۔
مسلم لیگ نون کی جانب سے سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، خواجہ سعد رفیق، رانا ثناء اللّٰہ، عطاء اللّٰہ تارڑ اور اویس لغاری نے ظہرانے میں شرکت کی۔
حمزہ شہباز شریف کے بلاول بھٹو زرداری کے اعزاز میں دیے گئے ظہرانے میں مٹن بریانی، سجّی، بار بی کیو، دال گوشت، بھنڈی اوردیگر مزے مزے کے پکوان شامل تھے۔
واضع رہے بلاول بھٹو زرداری پہلے ہی پنجاب کو پہلا مورچہ بنانے کا عندیہ دے چکے ہیں۔