لیاری میں موٹر سائیکل سوار نامعلوم مسلح ملزمان کی سندھ سالٹ ویسٹ کی گاڑی پر فائرنگ سے چینی باشندے سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے۔
کراچی کے علاقے لیاری میں کمیلا اسٹاپ کے قریب واقع ڈی ایم سی اسکول کے سامنے موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم مسلح ملزمان نے سفید رنگ کی ہائی روف گاڑی رجسٹریشن نمبر سی ایکس 0959 پراچانک فائرنگ کردی اور فرارہوگئے، فائرنگ کے نتیجے میں گاڑی میں سوار چینی باشندے سمیت 3 افراد معجزانہ طور پر محفوظ رہے تاہم فائرنگ سے گاڑی کے شیشے ٹوٹنے سے چینی باشندہ معمولی زخمی ہوگیا جبکہ فائرنگ سے راہ گیرزخمی ہوا جنہیں فوری طور پر سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔
زخمی ہونے والے چینی باشندے کی شناخت 26 سالہ جیسن ولد یاہو اورراہ گیر کی 45 سالہ خالد ولد شیرمحمد کے نام سے کرلی گئی، فائرنگ کی اطلاع ملنے پرڈی آئی جی ساؤتھ جاوید اکبر ریاض ، ایس پی سٹی ابریزعلی عباسی سمیت دیگرپولیس و رینجرزکے افسران و اہلکار موقع پرپہنچ گئے اورجائے وقوع کو گھیرے میں لیکر شواہد اکٹھا کرنا شروع کر دیے۔
ڈی آئی جی کراچی جنوبی جاوید اکبر ریاض نے میڈیا کو بتایا کہ چینی باشندے سندھ سالٹ ویسٹ میجمنٹ کی ٹیم کے ساتھ مختلف پروجیکٹ اورعلاقوں میں جاتے ہیں اور آج ان کا لیاری میں معمول کا دورہ تھا تاہم اس دورے کا پولیس کو کوئی علم نہیں تھا، واقعے کی تحقیقات جاری ہیں کہ اس میں کون لوگ ہیں اور انھوں نے کیوں فائرنگ کی یا کرائی؟ پولیس کو جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے دوخول ملے ہیں جنہیں پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیے ہیں اورخولوں کو تجزیے کے لیے فارنزک لیبارٹڑی بھجوایا جا رہا ہے جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز بھی حاصل کرے کی کوشش کی جا رہی ہے۔