رپورٹ:شرجیل مدنی
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن لمیٹڈ کی جانب سے ایس ایس پی حیدرآباد عبدالسلام شیخ کو شکایت موصول ہوئی کہ کچھ نامعلوم ملزمان انکی قیمتی ایئرکیبل وائر گزشتہ چند ماہ سے چوری کر رہے ہیں جس پر ایس ایس پی حیدرآباد نے اے ایس پی کینٹ کی سربراہی میں ایس ایچ او تھانہ قاسم آباد انسپیکٹر صغیر حسین سانگی پر مشتمل ایک ٹیم تشکیل دی جنہوں نے اس چور گروپ کی گرفتاری ٹیکنیکل سپورٹ اور دیگر جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے VIP آٹا چکی شیدی گوٹھ کے قریب چھاپہ مار کاروائی کرتے ہوئے ایئر کیبل چور گروہ کے کارندوں زوالفقار جونیجو، امتیاز جونیجو اور غلام نبی عرف شانو نیلگر کو گرفتار کرلیا ہے۔جبکہ ان کے دیگر ساتھی منیر منگی، سکندر لاشاری اور ظہور پنجابی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جن کی گرفتاری کیلئے پولیس چھاپے مار رہی ہے۔
گرفتار ملزمان گزشتہ کئی ماہ سے پی ٹی سی ایل ایئرکیبل وائر کاٹنے کی واردات میں ملوث تھے جو مختلف علاقوں سے ایئرکیبل کاٹ کر چوری کرتے اور چوری شدہ کیبل شورا گوٹھ میں جلا کر اس سے تانبا نکال کر کباڑیوں کی دکانوں پر فروخت کرتے تھے۔
اس حوالے سے گزشتہ روز پولیس کواطلاع ملی کہ ملزمان یونیک رکشہ میں ایئرکیبل لیکر اس کو جلانے کیلئے شورا گوٹھ لیکر جارہے ہیں۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے بروقت شورا گوٹھ جانے والے راستے VIP آٹا چکی پر ناکابندی کرتے ہوئے رکشہ کو روک کر اس میں سوار ملزمان کو گرفتار کرلیا ۔
گرفتار ملزمان کے قبضے سے 43 میٹر کیبل برآمد کرلی گئی۔ گرفتار ملزمان کے خلاف تھانہ قاسم آباد میں مقدمہ الزام نمبر 57/2021 زیر دفعہ 25 ٹیلیگراف ایکٹ 1975, 379 تعزیرات پاکستان کے تحت مدعی سید محمود شاہ اسسٹنٹ بزنس مینیجر پی ٹی سی ایل سب ڈویزن قاسم آباد کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے ۔گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔