امریکا میں سنگدل اور سفاک باپ نے بیمے کی رقم کے لیے اپنے دو ذہنی معذور بیٹوں کو قتل کردیا جج نے ملزم کو212 برس قید کی سزا کا حکم سنا دیا۔
غیرملکی خبررساں ادارے مطابق مصری نژاد امریکی شہری نے صرف بیمے کی رقم حاصل کرنے کے لیے اپنے 2 ذہنی مریض بیٹوں کو سمندر میں ڈبو کر قتل کردیا۔
رپورٹ کے مطابق 9 اپریل 2015 کو علی المیزائن نامی مصری نژاد امریکی شہری اپنی سابقہ بیوی اور دو ذہنی مریض بیٹوں کے ہمراہ گاڑی میں سوار ہوکرلاس اینجلس جارہا تھا کہ سان پیدرو کے مقام پر ایک ساحلی سڑک پراس نے گاڑی چلاتے ہوئے جان بوجھ کر سمندر میں گرا دی، ملزم نے خود تیرکراپنی جان بچا لی، اوراس کے 8 اور13 سالہ دو بیٹے گاڑی کے ساتھ ہی پانی میں ڈوب گئے جبکہ اس کی سابقہ بیوی کو ایک مقامی شخص نے لائف سیونگ ٹیوب کے ذریعے بچالیا۔
ملزم علی المیزائن نے دونوں بیٹوں کی موت کے بعد ایک انشورنس کمپنی سے ان کے ناموں سے کرائی گئی دو پالیسیوں کے 2 لاکھ 60 ہزارڈالر وصول کیے اورزیادہ رقم مصر منتقل کردی،اور جب اسے گرفتارکیا گیا تو اس کے امریکی بینک اکاؤنٹ میں 80 ہزار ڈالر موجود تھے، جو ضبط کرلیے گئے۔
امریکی ریاست کیلی فورنیا کے ڈسٹرکٹ جج جان والٹرنے ملزم کو 212 برس قید کی سزا کا حکم سناتے ہوئے کہا کہ ملزم کا اقدام انتہائی سفاکانہ تھا اوراس جرم کی سزا بھی سخت ترین ہونی چاہیے۔