حکومت کی جانب سے الیکشن کمیشن سے مستعفی ہونے کے مطالبے پر ردعمل دیتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت قومی احتساب بیورو (نیب) کی طرح الیکشن کمیشن کو بھی یرغمال بنانا چاہتی ہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن سے استعفیٰ کا حکومتی مطالبہ مضحکہ خیز، غیرآئینی اور غیرقانونی ہے اور آئینی ادارے کی توہین ہے، سلیکٹڈ وزیراعظم نیب کی طرح الیکشن کمیشن کو بھی یرغمال اور غلام بنانا چاہتے ہیں۔
ترجمان ن لیگ کا کہنا تھا استعفیٰ سلیکٹڈ وزیراعظم دے جس نے ڈسکہ میں 20 پریزائیڈنگ افسران اغوا کیے، استعفیٰ وہ سلیکٹڈ دے جس نے سینیٹ اجلاس میں نوٹوں کی منڈی لگائی، ’اے ٹی ایمز‘ کو جتوایا،استعفیٰ وہ دے جو ڈسکہ الیکشن کے زیرسماعت مقدمے میں الیکشن کمیشن کو ہراساں کررہا ہے۔
خیال رہے کہ اسلام آباد میں وفاقی وزراء شبلی فراز اور فواد چوہدری کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن ناکام ہو چکا ہے اور نیوٹرل ایمپائر کا کردار ادا نہیں کررہا اس لیے اسے بحیثیت مجموعی استعفیٰ دینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کا اعتماد الیکشن کمیشن سے اٹھ چکا ہے، نیا الیکشن کمیشن بنے جس پر سب کا اعتماد ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے اراکین فوری استعفیٰ دیں اور پارلیمان کو موقع دیا جائے کہ نیا الیکشن کمیشن تشکیل دیا جائے، جس پر سب کا اعتماد ہو۔