امید یہی ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی ساری جماعتیں حالات کی نزاکت سمجھیں گی، لیگی نائب صدر کی میڈیا سے گفتگو
امید یہی ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی ساری جماعتیں حالات کی نزاکت سمجھیں گی، لیگی نائب صدر کی میڈیا سے گفتگو

کل واضح ہوجائے گا، جو استعفوں پر نہیں مانتے انہیں منانے کی کوشش کریں گے

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ استعفوں کا معاملہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اجلاس میں کلیئر ہوجائے گا جبکہ جو استعفوں پر نہیں مانتے انہیں منانے کی کوشش کریں گے۔
مسلم لیگ (ن) کا اجلاس نواز شریف کی زیر صدارت ہوا جس میں سیاسی صورتحال، لانگ مارچ اورحکومت مخالف تحریک کو مزید تیز کرنے پرغور کیا گیا۔
قومی احتساب بیورو (نیب) کی مریم نواز کی ضمانت منسوخی کی درخواست سے متعلق بھی مشاورت کی گئی۔
بعدزاں میڈیا سے گفتگو میں مریم نواز کا کہنا تھاکہ آج قوم کو سمجھ آگئی ہےکہ اداروں پر تنقید اور حملہ کرنا کیا ہوتا ہے؟ حکومت کوالیکشن میں ووٹ نہیں ملےتوالیکشن کمیشن کاکیاقصور؟ آپ کی بدترین دھاندلی کے باوجود آپ کو ووٹ نہیں ملے۔
مریم نواز کا کہنا تھاکہ استعفوں کا معاملہ کل پی ڈی ایم اجلاس میں کلیئر ہوجائے گا، جو استعفوں پر نہیں مانتے انہیں منانے کی کوشش کریں گے، پی ڈی ایم 10 جماعتوں کا اتحاد بڑے ایجنڈے پر متحد ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ کل کے اجلاس میں دیکھیں گے مسلم لیگ ن کو کیا حکمت عملی اپنانا ہے، امید یہی ہے کہ پی ڈی ایم کی ساری جماعتیں حالات کی نزاکت سمجھیں گی، عوام نے آواز کے ساتھ آواز ملائی ہے یہ بہت حوصلہ افزا بات ہے اور پاکستان ایک بہتر مستقبل کی طرف بڑھے گا۔