کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249 پر ضمنی انتخابات کا معرکہ 29 اپریل کو شیڈول ہے، تاہم متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے تاریخ تبدیل کرنے کا مطالبہ کردیا۔
ایم کیو ایم پاکستان کے کنور نوید جمیل نے الیکشن کمیشن کو خط لکھا جس میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ این اے 249 پر ضمنی انتخاب کی تاریخ آگے بڑھائی جائے۔
ان کا کہنا ہے کہ جس دن حلقے میں ضمنی الیکشن ہوگا اس دن 15 یا 16واں روزہ ہوگا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ضمی انتخابات عیدالفطر کے بعد رکھے جائیں۔
کنوینر ایم کیو ایم پاکستان کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک میں انتخابی مہم چلانا مشکل ہوجائے گا۔
واضح رہے کہ یہ نشست پاکستان تحریک انصاف کے نومنتخب سینیٹر فیصل واؤڈا کے استعفیٰ کے باعث خالی ہوئی ہے، اس نشست پر پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے بھی انتخاب لڑنے کا اعلان کیا ہے۔