سندھ بوائے اسکائوٹس ایسوسی ایشن کی جانب سے تمباکونوشی کے مضر اثرات کی آگہی کے لیے تمباکو کنٹرول ڈائریکٹوریٹ وزارت قومی صحت کے اشتراک سے آگہی واک کا اہتمام کیا گیا،آگہی واک گلستان اسکائوٹس ٹریننگ سینٹر سے شروع ہو کر مسکن چورنگی پر اختتام پزیر ہوئی۔
واک کی شروعات سے پہلے اسکائوٹس کی اسمبلی کے دوران پر چم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، ڈاکٹر منہاج السراج اور سندھ بوائے اسکائوٹس ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری اختر میر کی جانب سے قومی پرچم کشائی کے بعد تقریب کا باقاعدہ آغاز کیا گیا۔
پراجیکٹ ڈائریکٹر تمباکو کنٹرول ڈاکٹر منہاج السراج اور پروجیکٹ مینیجر تمباکو کنٹرول محمد آفتاب نے پاکستان بھر سے آئے ہوئے اسکائوٹس کو تمباکو نوشی کی روک تھام کے قوانین ، تمباکو کنٹرل ڈائریکٹوریٹ کے ملک میں پانچ سے ذائد اضلاع میں تمباکونوشی کی روک تھام کے قوانین پر عملدرآمد کے حوالے سے کامیاب تجربات سے متعلق آگاہ کیا اور اس کے ساتھ ساتھ تمباکو کنٹرول ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے اسکائوٹس کے ساتھ ملک بھر میں عوام کو تمباکو نوشی کی روک تھام سے متعلق آگہی فراہم کرنے لے لئے مرتب شدہ پلان کے بارے میں بھی تفصیلی بات کی گئی کہ کس طرح اسکائوٹس تمباکو کنٹرول کے لئے شانہ بشانہ کام کر سکتے ہیں۔
واک کے دوران اسکائوٹس نے تمباکو نوشی کی روک تھام سے متعلق درج مختلف عبارات کے پلے کارڈز اور بینر اٹھائے ہوئے تھے ، جبکہ وہ نوجوان نسل کو تمباکونوشی کے مضر اثرات سے محفوظ رکھنے کے نعرے بھی لگا رہے تھے۔
واک میں پاکستان بھر سے آئے ہوئے 300 سے ذائد اسکائوٹس شریک تھے جبکہ یہ واک گلستان اسکائوٹس ٹریننگ سینٹر سے شروع ہو کر مسکن چورنگی پر اختتام پزیر ہوئی ، بعد ازاں اسکائوٹس مختلف گروہوں میں تقسیم ہو کر جامعہ کراچی کے مختلف شعبہ جات کی جانب روانہ ہوئے جہاں اسکائوٹس نے طالبعلموں کو تمباکونوشی کی روک تھام سے متعلق آگہی دی۔
جبکہ اس موقع پر جامعہ کراچی کے شعبہ آرٹس اینڈ سوشل سائنسز میں پراجیکٹ ڈائریکٹر تمباکو کنٹرول ٓڈاکٹر منہاج السراج کی جانب سے کنٹرولر امتحانات ڈاکٹرسید ظفر اور سندھ بوائے اسکائوٹس کے عہدیداران کے ہمراہ نصب اسموک فری پلیٹ کا بھی افتتاح کیا گیا، جس کے بعد جامعہ کراچی کے شعبہ کو اسموک فری قرار دیا گیا۔
تقریب کے کامیاب انعقاد پر ڈاکٹر منہاج نے سندھ بوائے اسکائوٹس ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری اختر میر سمیت اسکائوٹس انتظامیہ ، پاکستان بھر سے آئے ہوئے اسکائوٹس اور جامعہ کراچی کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔