اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے پیپلزپارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی کو نااہلی کیس میں طلب کرلیا۔
ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کی جانب سے الیکشن کمیشن میں پیپلزپارٹی کے رہنما اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی بطور سینیٹر نااہلی کے لئے درخواست جمع کرائی گئی تھی، الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینیٹر یوسف رضا گیلانی کو طلب کرلیا ہے اور انہیں نوٹس بھی جاری کیا گیا ہے۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ آپ کے خلاف نااہلی کی درخواست سماعت کے لیے مقرر ہو چکی ہے، یوسف رضا گیلانی 22 مارچ کو ذاتی حیثیت میں یا بذریعہ وکیل الیکشن کمیشن میں پیش ہوں۔ درخواست پر سماعت 22 مارچ کو چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 5 رکنی الیکشن کمیشن کرے گا۔
الیکشن کمیشن نے یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کو بھی نوٹس جاری کر دیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات سے پہلے ویڈیو سکینڈل پر نوٹسز جاری کیے، چیف الیکشن کمشنر یوسف رضا گیلانی نااہلی کیس خود سنیں گے، پی ٹی آئی کے وزراء چیف الیکشن کمشنر سے مستعفی ہونے کا مطالبہ بھی کر چکے ہیں، مستعفی ہونے کے مطالبے کے بعد چیف الیکشن کمشنر پہلی مرتبہ پی ٹی آئی کی درخواستیں سنیں گے۔